فہرست میں سماجی انصاف، ایس سی، ایس ٹی، بی سی، میناریٹی اور خواتین کو اولین ترجیح
حیدرآباد۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کی قومی انچارج میناکشی نٹراجن نے تلنگانہ میں کانگریس کی تنظیم جدید پر خصوصی توجہ دینے کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی۔ اضلاع، منڈل اور دیہی کمیٹیوں کے تشکیل کے لئے 21 جولائی تک فہرست روانہ کرنے کی اضلاع کے انچارج کانگریس قائدین کو ہدایت دی ہے۔ میناکشی نٹراجن ریاست میں کانگریس پارٹی کو دیہی سطح سے ریاستی سطح تک مستحکم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ پارٹی کے قائدین بالخصوص اضلاع کے قائدین سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کو مستحکم کرنے کے بارے میں تجاویز وصول کررہی ہیں اور ساتھ ہی پارٹی میں گروپ بندیوں پر بھی توجہ دیتے ہوئے انہیں حل کرنے میں پیش پیش ہے۔ میناکشی نٹراجن نے اضلاع کانگریس کے انچارجس کو ہدایت دی کہ وہ پارٹی کی تنظیم جدید کے موقع پر سماج کے تمام طبقات ایس سی، ایس ٹی، بی سی، میناریٹی اور خواتین کو نمائندگی دینے پر زیادہ توجہ دیں۔ کانگریس پارٹی اور راہول گاندھی سماجی انصاف پر یقین رکھتے ہیں۔ پارٹی قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمیٹیوں کی تشکیل میں سماجی انصاف کو برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ 2017 سے قبل پارٹی میں رہنے والے قائدین اور کارکنوں کو عہدوں کی تقسیم میں اولین ترجیح دی جانی چاہئے۔ 2017 کے بعد پارٹی میں شامل ہونے والوں کو دوسری ترجیح کے طور پر اہمیت دینی چاہئے۔ اضلاع، منڈل اور دیہی کمیٹیوں میں 80 تا 82 فیصد 2017 سے قبل پارٹی میں کام کرنے والوں کو اہمیت دی جانی چاہئے۔ 15 تا 20 فیصد 2017 کے بعد پارٹی میں شامل ہونے والے قائدین کو اہمیت دی جانی چاہئے۔ میناکشی نٹراجن نے اضلاع کانگریس کے انچارجس کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کے ساتھ مشاورت اور تال میل کرکے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ کمیٹیوں کی تشکیل میں سینیارٹی، تجربہ اور نوجوانوں کو شامل کرنے پر زور دیا۔ 2