میٹرنیٹی ہاسپٹل پیٹلہ برج عملہ کے چار ارکان معطل

   

مریضوں سے رقم طلب کرنے کا الزام، شکایت پر سپرنٹنڈنٹ کی کارروائی

حیدرآباد۔ 6 نومبر (سیاست نیوز) گورنمنٹ میٹرنیٹی ہاسپٹل کے عملہ کے چار ارکان کو مریضوں سے رقم طلب کرنے کے الزام پر خدمات سے معطل کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپرنٹنڈنٹ میٹرنیٹی ہاسپٹل ڈاکٹر رجنی ریڈی نے انتباہ دیا کہ ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں سے رقمی مطالبہ کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ رقمی مطالبہ کرنے والے عملہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ مریضوں سے رقم اور رشوت کا مطالبہ کرنے سے متعلق شکایتوں کا انہوں نے جائزہ لیا اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عملہ کے چار ارکان کو خدمات سے معطل کردیا گیا۔ ڈاکٹر رجنی ریڈی نے بتایا کہ ایک خاتون نے عملہ کی جانب سے رقمی مطالبہ کا الزام لگایا تھا جبکہ ایسی کئی شکایات موصول ہوئیں تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ آر ایم او امروتالکشمی کے ساتھ تحقیقات کی گئیں اور 4 عملہ کے ارکان کو قصوار پایا گیا جنہیں فوری طور پر خدمات سے معطل کردیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ عوامی شکایتوں کے لئے ہاسپٹل کے احاطہ میں 5 باکس لگائے گئے ہیں اور اس کی مختلف ذرائع سے تشہیر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل کے عملہ اور ملازمین کو پابند کردیا گیا ہے اور ایسی کسی بھی شکایت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو مشورہ دیا کہ اگر کسی نے رقمی مطالبہ کیا تو فوری اس کی شکایت آر ایم او یا پھر سپرنٹنڈنٹ سے کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل میں خدمات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔ ع