حیدرآباد 24 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد میٹرو ریل کے مسافرین ٹکٹ کی خریدی کے لئے موجودہ اسمارٹ کارڈ کے استعمال کی سہولت کے علاوہ اب کیو آر کوڈ پر مبنی بلا نقدی ای ٹکٹنگ خدمات سے بھی استفادہ کرسکیں گے۔ یہ خدمات پیر سے شروع کی گئیں جس سے میٹرو ٹرین سے استفادہ کرنے والے تقریباً چار لاکھ مسافرین کو مزید بہتر سہولت حاصل ہوگی۔ عہدیداروں نے کہاکہ ٹیکنالوجی پر مبنی ٹکٹ بکنگ کا یہ طریقہ کار مسافرین کو طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی تکلیف سے بچنے میں مدد کرے گا اور لاسلکی رابطہ فراہم ہوگا۔ میٹرو ریل لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے کہاکہ ’کیو آر کوڈ پر مبنی ٹکٹنگ کے ساتھ ہم نے شہری نقل و حرکت کے عمل میں حل فراہم کرنے کی سمت ہم نے ایک اہم قدم اُٹھایا ہے۔ اس ہفتہ شروع ہونے والے پروگرام سے مسافرین کو بشمول ناگول، اُپل، تارناکہ، سکندرآباد، امیرپیٹ، درگم چیرو، جے این ٹی یو، کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی، دلسکھ نگر، ایل بی نگر تقریباً 20 اسٹیشنوں کے لئے کیو آر کوڈ کے ریعہ ٹکٹ بُک کرواسکتے ہیں۔ اواخر جنوری 2020 تک یہ پروگرام تمام 49 میٹرو اسٹیشنوں پر متعارف کیا جائے گا۔