وزیر ڈی سریدھر بابو کے کونسل میں تیقن کے بعد ایل اینڈ ٹی اور ایچ ایم آر عہدیدار سرگرم
حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میٹرو ریل اور ایل اینڈ ٹی کی جانب سے شہریوں کو میٹرو ریل میں موثر سہولتوں کی فراہمی کے لیے میٹرو ریل کی بوگیوں میں اضافہ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ واضح رہے کہ حالیہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سرمائی اجلاس میں کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نے میٹرو ریل پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی گنجان آبادی میں شہریوں کے لیے میٹرو ریل متبادل ٹرانسپورٹ ثابت ہورہا ہے ۔ میٹروریل میں مسافرین کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مسافرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لحاظ سے میٹرو ٹرین کی بوگیوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ جس پر ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بوگیوں میں اضافہ کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ وزیر کے ردعمل کے بعد ایل اینڈ ٹی اور ایچ ایم آر کے عہدیدار اس جانب خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ مسافرین کی سہولت کے لیے بوگیوں میں اضافہ کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ نئے سال سے میٹرو ریل میں نئے بوگیوں کو شامل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ فی الحال میٹرو ریل میں روزانہ 4.80 لاکھ سے زیادہ مسافرین سفر کررہے ہیں ۔ ہفتہ اور اتوار کے علاوہ تعطیلات کے دنوں میں 5.10 لاکھ مسافرین سفر کررہے ہیں ۔ صبح 8 تا 11-30 بجے اور شام 5 تا 9 بجے تک مصروف اوقات میں چلنے والی میٹرو ریل کے کوچس میں لوگوں کو کھڑے رہنے کی جگہ نہیں مل رہی ہے ۔ فی الحال 57 میٹرو ٹرینوں میں موجود 171 کوچس میں مزید 40 تا 50 کوچس کو اضافہ کرتے ہوئے مسافرین کو سہولتیں فراہم کرنے کا دو سال قبل عہدیداروں نے اعلان کیا تھا مگر اس پر ابھی تک کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ۔ جناب عامر علی خاں کے سوال اور وزیر ڈی سریدھر بابو کے مثبت جواب کے ایل اینڈ ٹی اور حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں میں ہلچل دیکھی جارہی ہے ۔ نئے سال سے میٹرو ریل کے کوچس میں اضافہ کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بنگلور کے بھارت ایرتھ موورس لمٹیڈ (BEML) سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ ناگپور اور پونے سے بھی بوگیاں لانے کی کوشش کی جارہی ہیں ۔ ان دونوں شہروں کے میٹرو ٹرینوں میں مسافرین کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے عہدیدار اضافی بوگیاں لیز پر دینے کے معاملے میں دلچسپی نہیں دیکھا رہے ہیں ۔ مگر عہدیداروں کی جانب سے میٹرو ریل میں مسافرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لحاظ سے بوگیوں میں اضافہ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں ۔۔ 2