گوتم اڈانی کی کمپنی سے نیوز ایجنسیوں کی خریدی
حیدرآباد۔24جنوری(سیاست نیوز) ملک بھر میں موجود سرکردہ میڈیا اداروں پر تجارتی گھرانوں کے کنٹرول کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور سرکردہ میڈیا چیانلس کو خریدے جانے کے بعد اب تجارتی گھرانوں نے ملک کی سرکردہ نیوز ایجنسیوں کو بھی خریدنا شروع کردیا ہے۔ ملک کے سرکردہ تاجر گوتم اڈانی کی کمپنی نے IANS نامی سرکردہ نیوز ایجنسی کو بھی خرید لیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آئی اے این ایس کی خریدی کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد گوتم اڈانی نے اسے اپنی کمپنی کے ذریعہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک بھر میں گذشتہ 10 برسوں کے دوران کئی سرکردہ چیانلوں میں اڈانی و امبانی کی سرمایہ کاری و چیانلس کو خریدنے کے معاملات کے بعد اب نیوز ایجنسی کو بھی حاصل کرنے کے اقدامات کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔آئی اے این ایس انڈیا پروائیوٹ لمیٹڈ نے کمپنی کی معاشی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں لیکن بتایاجاتاہے کہ کمپنی نے اپنے پاس موجود 24 فیصد حصص بھی اڈانی نے حاصل کرلئے ہیں ۔ انیل امبانی کی اس کمپنی میں اڈانی انٹرپرائیزرس نے ڈسمبر 2023 میں IANSکے 50 فیصد حاصل کرتے ہوئے کمپنی میں اپنی جگہ بنائی تھی اور بعد ازاں جنوری 2024 میں AMG میڈیا نیٹ ورکس نے اس کمپنی میں اپنے حصص میں اضافہ کرتے ہوئے کمپنی کو حاصل کرنے کے اقدامات کئے تھے اور اب مابقی 24 فیصد حصص بھی حاصل کرنے کے بعد کہا جار ہاہے کہ اڈانی گروپ نے آئی اے این ایس پر اب مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔3