میڈیکل کالج میں داخلہ‘OBC اور EWS طلبہ کو ریزرویشن

   

او بی سی طلبہ کو 27 فیصد اور اقتصادی طور پر کمزور طلبہ کو 10 فیصد تحفظات دینے کا فیصلہ

نئی دہلی : مرکز کی مودی حکومت نے میڈیکل کا لجوں میں داخلہ کے سلسلہ میں بڑا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے او بی سی اور اقتصادی طور پر پسماندہ طبقہ کے طلبہ کیلئے ریزرویشن کو منظور کرلیا ہے۔ حکومت نے او بی سی طلبہ کو 27 فیصد اور اقتصادی طور پر کمزور طلبہ کیلئے 10 فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے جمعرات کو او بی سی طبقہ اور اقتصادی طور پر کمزور طبقہ کے لوگوں کیلئے ریزرویشن دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت نے-22 2021 سیشن سے اس کو لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلہ سے تقریبا 5500 طلبہ کو فائدہ ملے گا۔ ریزرویشن کا فائدہ یوجی اور پی جی میڈیکل / ڈینٹل کورس ( ایم بی بی ایس / ایم ڈی / ایم ایس / ڈپلومہ / بی ڈی ایس / ایم ڈی ایس ) میں داخلہ لینے والوں کو ملے گا۔ وزارت صحت نے کہا کہ حکومت او بی سی اور ای ڈبلیو ایس طبقہ کے لوگوں کو ریزرویشن دینے کیلئے پابند عہد ہے۔دراصل معاملہ نے اس وقت طول پکڑ لیا تھا جب وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے 12 جولائی کو قومی اہلیتی ٹیسٹ یعنی نیٹ 2021 کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس مرتبہ بھی نیٹ امتحانات او بی سی طبقہ کو ریزرویشن دئے بغیر ہی ہوگا۔ اس کے بعد کئی طلبہ تنظیموں نے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دی۔ ساتھ ہی کئی سیاسی پارٹیوں نے بھی ریزرویشن کا مطالبہ کیا۔معاملہ یہیں نہیں رکا بلکہ بی جے پی کے کئی لیڈران بھی ریزرویشن کی حمات میں آگئے۔ مرکزی وزیر مملکت انوپریہ پٹیل اور بھوپیندر یادو نے وزیر اعظم مودی کو میمورنڈم حوالے کیا تھا۔