وزیر لیبر ملا ریڈی کی شرکت، زرعی شعبہ کیلئے سرکاری اسکیمات کی ستائش
حیدرآباد: وزیر لیبر ملا ریڈی نے آج میڑچل میں درجہ فہرست اقوام اور غریب طبقہ سے تعلق رکھنے والے کسانوں میں زرعی آلات اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کا آغاز کیا۔ ٹی آر ایس پارٹی ملکاجگیری پارلیمانی حلقہ کے انچارج اور ایم لکشمن ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے سکریٹری ایم راج شیکھر ریڈی نے اپنی ذاتی خرچ سے ضروری آلات کی تقسیم کا انتظام کیا تھا ۔ منڈل پریشد کے احاطہ میں اس سلسلہ میں تقریب منعقد کی گئی۔ 42 لاکھ روپئے مالیت کے زرعی آلات اور دیگر ساز و سامان کسانوں اور غریبوں میں تقسیم کئے گئے ۔ وزیر لیبر ملا ریڈی نے کہا کہ آج ملک بھر میں یوم کسان منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر لکشمن ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے ذریعہ کسانوںکی مدد کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں راج شیکھر ریڈی کی ستائش کی ۔ ملا ریڈی نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی نے عوامی خدمات کا تسلسل جاری رکھا ہے اور وہ ہمیشہ ضرورت مندوں اور غریبوں کی مدد کرتے ہیں۔ راج شیکھر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے زرعی شعبہ بالخصوص کسانوںکی بھلائی پر توجہ مرکوز کی ہے اور کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات کے علاوہ مشن کاکتیہ کے ذریعہ تالابوں کا تحفظ کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کی اسکیمات ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم لکشمن ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے ذریعہ تیار کردہ زرعی آلات سے کسانوں کو زراعت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ملکاجگیری ، میڑچل ضلع میں حکومت کی جانب سے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ ملا ریڈی نے کہا کہ انچارج ملکاجگیری نے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے لئے مختلف کیمپس منعقد کئے ہیں۔ مستقبل میں مزید تین گاؤں کے کسانوں کو زرعی آلات حوالے کئے جائیں گے۔ اس موقع پر میڑچل منڈل پریشد کی صدر شریمتی پدما جگن ریڈی ، میڑچل زیڈ پی ٹی سی ، شلیجا ریڈی ، ڈاکٹر کے سرینواس راؤ ، ڈاکٹر گپتا ، میونسپل چیرمین ڈی نرسمہا ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔