میکسیکوسٹی: میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپس میں ایک ٹریفک حادثہ میں کم از کم 53 تارکین وطن ہلاک ہوگئے ہیں۔میڈیا کے مطابق سول پروٹیکشن سرویس کے کہا ہیکہ چیاپس میں جمعرات کو ٹرک الٹنے کے حادثہ میں 58 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں 3 افراد شدید زخمی ہیں۔حکام کا کہنا ہیکہ اب تک 53 افراد ہلاک ہوئے ہیں زیادہ تر متاثرین کے بارے میں کہا جا رہا ہیکہ تارکین وطن ہیں۔ چیاپس امریکہ پہنچنے کی کوشش کرنے والوں کیلئے ایک اہم ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔حکام کے مطابق اس واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہیکہ زیادہ تر بچ جانے والے افراد کا تعلق گوتیمالا سے ہے۔ایسا لگتا ہیکہ تیز رفتاری کی وجہ سے ڈرائیور ٹرک کا کنٹرول کھو بیٹھا۔ بعد میں ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔مقامی ٹیلی ویژن کی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں ایمبولینسز، فائر فائٹرز اور امدادی کارکن حادثہ کا شکار ہونے والی گاڑی کے اردگرد جمع تھے۔ چیاپس کے گورنر رتیلیو ایسکاندون نے کہا ہیکہ ’زخمیوں کو فوری طبی امداد ملنا چاہئے۔ قانون نافذ کرنے والے یہ تعین کریں گے کہ کون ذمہ دار ہے۔‘گوتیمالا کے صدر نے اپنے شہریوں کو قونصلر مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ ملک واپسی میں بھی ان کی مدد کی جائے گی۔