میکسیکو سٹی : میکسیکو کے جنوب مشرقی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریختیر پیماپر زلزلے کی شدت 7.0 تھی جس کے جھٹکے میکسیکو سٹی تک محسوس کیے گئے۔اس کی وجہ سے کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ زلزلے کی شدت سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کے نظام کی معطلی کی بھی اطلاع ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز سیاحتی مقام اکاپلکو کے پاس تھا تاہم وہاں سے تقریبا سوا دو سو کلو میٹر دور میکسیکو سٹی میں بھی اس کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور علاقے کی عمارتیں لرز گئیں۔ زلزلے کی وجہ سے سب سے پہلے جس شخص کی موت کی اطلاعات ملی اس کا تعلق گویوکا سے بتایا جاتا ہے۔ حکام نے مقامی میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ متاثرہ شخص پر ایک بجلی کا کھمبا گرا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔امریکہ میں سونامی کی وارننگ دینے والے ادارے نے ایک بیان میں کہا کہ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی اور ایسے کسی خطرے کی توقع بھی نہیں ہے۔ اکاپولکو کی میئر اڈیلہ رومن نے ایک بیان میں کہا کہ ابھی تک کوئی بہت سنگین صورت حال کی اطلاع نہیں ہے اور ان کے علاقے میں کسی ہلاکت کی بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ان کا کہنا تھاکہ لوگ ذہنی تناؤ کا شکار اور اعصابی عارضے میں ضرور مبتلا ہیں۔ وہ کافی پریشان ہیں کیونکہ انہیں زبردست جھٹکے لگے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ بہت سے مقامات پر گیس لیک ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں اور بعض جگہوں پر زمین کے تودے کھسکنے اور دیواریں گرنے کی بھی اطلاعات ہیں،میکسیکو کے صدر انڈریز مینویل لوپیز اوراڈر کا کہناتھا کہ زلزلے نے پہاڑوں کے نیچے پتھروں اور دیواروں کو نقصان پہنچایا ہے۔