میکسیکو کی فیول پائپ لائین میں دھماکہ اور آگ، 21 افراد ہلاک

   

میکسیکو 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وسطی میکسیکو میں جمعہ کو ایک غیر قانونی پائپ لائین میں بھیانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور 71 دوسرے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جبکہ ملک میں حکومت کی جانب سے فیول چوری کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ایک پائپ لائین سے گیسولین کا اخراج ہو رہا تھا جس کو حاصل کرنے کیلئے درجنوں مقامی باشندے یہاں جمع ہوئے تھے کہ اچانک وہاں دھماکہ ہوگیا ۔ عینی شاہدین نے یہ بات بتائی ۔ دھماکہ کے بعد کے ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لوگ اس مقام سے بھاگ رہے ہیں۔ مدد کیلئے چیخ رہے ہیں جبکہ اطراف کئی مقامات تک آگ پھیل گئی تھی اور رات کے وقت آسمان روشن ہوگیا تھا ۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ وہ یہ دیکھنے گیا تھا کہ وہاں ہوا کیا ہے ۔ اس کے بعد دھماکہ ہوگیا ۔ وہ لوگوں کی مدد کرنے وہاں چلے گئے ۔ انہیں کئی افراد کی نعشوں کے پرخچے دستیاب ہوئے اور یہ بھی کافی حد تک جل گئے تھے ۔ یہ حادثہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں فیول چوری کے واقعات پر قابو پانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ فیول کی چوری سے میکسیکو کو 2017 میں جملہ 3 بلین ڈالرس کا نقصان ہوا تھا ۔ صدر میکسیکو آنڈریز مینویل لوپیز اوبراڈار نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں مقام حادثہ کا دورہ کیا اور تفصیلات سے واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ انہیں اس حادثہ کی وجہ سے شدید صدمہ ہوا ہے ۔ پائپ لائین میں دھماکہ سے ہونے والے جانی نقصان پر انہیںدلی صدمہ ہے ۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ متاثرین کی مدد میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں ۔ اطراف کے دواخانوں میں کثیر تعداد میں جھلس کر زخمی ہونے والوں کی کثیر تعداد پہونچائی جا رہی ہے ۔ وزیر سکیوریٹی الفونسو نے بتایا کہ رات دیر گئے ہی آگ پر قابو پالیا گیا ہے ۔
میکسیکو میں اکثر و بیشتر غیر قانونی فیول پائپ لائینس میں دھماکوں کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جن میں انسانی جانوں کا اتلاف بھی ہوتا ہے ۔