میگھالیہ اور ناگالینڈ میں 7اورتریپورہ میں 8 مارچ کو حلف برداری

   

نئی دہلی : میگھالیہ، ناگالینڈ اور تریپورہ میں حکومت سازی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ میگھالیہ میں 7 مارچ کو صبح 11 بجے حلف برداری ہوگی۔ جبکہ ناگالینڈ میں حلف برداری کی تقریب 7 مارچ کو دوپہر میں ہوگی جبکہ تریپورہ میں 8 مارچ کو صبح 11 بجے حلف برداری تقریب ہوگی۔ وزیر اعظم نریندر مودی تینوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ 2 مارچ کو تینوں ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ان تین ریاستوں میں اسمبلی انتخابات جیتنے کے بعد بی جے پی اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے جا رہی ہے۔ میگھالیہ میں نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کے سربراہ کونراڈ کے۔ سنگما چیف منسٹر کے طور پر حلف لے سکتے ہیں۔
تریپورہ میں، مانک ساہا ایک بار پھر وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے اور ناگالینڈ میں، این ڈی پی پی کے سپریمو نیفیو ریو پانچویں مدت کے لئے وزیر اعلی کے طور پر عہدہ سنبھالنے والے ہیں۔ کونراڈ سنگما نے جمعہ کو میگھالیہ کے گورنر فاگو چوہان سے ملاقات کی اور ریاست میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کے لیے 32 ایم ایل ایز کی حمایت کا خط پیش کیا۔ سنگما نے کہا تھا کہ انہیں بی جے پی، ایچ ایس پی ڈی پی اور دو آزاد ایم ایل اے کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت 7 مارچ کو حلف اٹھائے گی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے پروگرام میں شرکت کے لیے اپنی رضامندی دے دی ہے۔میگھالیہ میں 27 فروری کو 59 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔ جمعرات کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا گیا، جس میں این پی پی 26 نشستیں جیت کر سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری۔ یو ڈی پی نے 11 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ کانگریس اور ٹی ایم سی نے پانچ پانچ اور بی جے پی نے دو سیٹیں جیتی ہیں۔ تریپورہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے کل 60 میں سے 32 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ اس کی اتحادی آئی پی ایف ٹی نے ایک سیٹ جیتی ہے۔ چیف منسٹر مانک ساہا نے جمعہ کو اپنی حکومت کا استعفی گورنر ستیہ دیو نارائن آریہ کو سونپ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت 8 مارچ کو حلف اٹھائے گی اور وزیر اعظم نریندر مودی تقریب میں شرکت کریں گے۔ناگالینڈ میں 60 رکنی اسمبلی انتخابات کے نتائج میں NDPP-BJP نے 37 سیٹیں جیتی ہیں۔ جس میں سے این ڈی پی پی کو 25 اور بی جے پی کو 12 سیٹیں ملیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے سات، این پی ایف نے پانچ اور ناگا پیپلز فرنٹ، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) اور آر پی آئی (اٹھاوالے) نے دو دو سیٹیں جیتیں۔ جنتا دل (یونائیٹڈ) نے ایک سیٹ جیتی ہے، جب کہ چار آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔