میں نے بھی جرسی اتاری تھی کسی کو نظر نہیں آیا: یوراج سنگھ

   

نئی دہلی، 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2002 میں انگلینڈ کے خلاف نیٹ ویسٹ ٹرافی کا فائنل مقابلہ جیتنے کے بعد اس وقت کے کپتان سورو گنگولی کے ساتھ انہوں نے بھی اپنی جرسی اتاری تھی لیکن اس وقت کسی نے اس پر دھیان نہیں دیا تھا۔انگلینڈ نے اس فائنل مقابلے میں ہندستان کو 326 رنز کا مضبوط ہدف دیا تھا جسے ہندستان نے دو وکٹ باقی رہتے اسے حاصل کر لیا تھا۔ ہندستان کی جیت کے بعد اس وقت کپتان گنگولی نے لارڈس کی بالکنی میں جرسی اتار کر جشن منایا تھا۔یوراج نے مڈل آرڈر کے بلے باز محمد کیف کے ساتھ مل کر ہندستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یوراج اور کیف کے درمیان چھٹے وکٹ کے لئے 121 رن کی میچ فاتح شراکت ہوئی تھی۔ یوراج نے 63 گیندوں میں 69 رنز بنائے تھے ۔ یوراج نے اس اننگز کو اپنی اور کیف کے کیریئر کی بہترین اننگز قرار دیا۔یوراج نے اسپورٹس سے کہا کہ میچ جیتنے کے بعد میں نے بھی اپنی جرسی اتاری تھی لیکن انگلینڈ میں سردی کی وجہ سے میں نے اندر ایک سفید ٹی شرٹ پہنی تھی لہذا اس وقت کسی کا دھیان میری طرف نہیں گیا۔