واشنگٹن۔9؍اکتوبر( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے غزہ جنگ ختم کروا دی۔ یہ میں نے دنیا کی 8 ویں جنگ ختم کروائی ہے۔غزہ امن معاہدے پر فریقین کے اتفاق کا کریڈٹ لیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر حملہ غزہ کے معاہدے تک پہنچنے کیلئے ضروری تھا۔ مشرقِ وسطیٰ کے تمام ممالک غزہ منصوبے کی حمایت کر رہے تھے۔ اب وہاں پائیدار امن قائم ہوجائے گا۔ امریکی صدر نے اشارہ دیا کہ وہ غزہ معاہدے پر دستخط کرنے میزبان ملک مصر جائیں گے اور وہاں سے اسرائیل جانے کا بھی ارادہ ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ پٹی کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔امریکی صدر نے کہا کہ پیر یا منگل تک اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہے جس کے بعد غزہ جنگ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی۔ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے پراسرائیل اور حماس نے ابتدائی مرحلے پر دستخط کردیئے ہیں۔
اس ابتدائی مرحلے کے تحت غزہ میں چند روز کیلئے جنگ بندی کی جائے گی جس کے دوران امدادی سامان کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔علاوہ ازیں 72 گھنٹوں کے دوران حماس تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو آزاد کردے گی بدلے میں اسرائیل فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔