نئی دہلی : بینک فراڈ کے الزام میں مطلوب مفرور ہیروں کے تاجر میہول چوکسی کو ڈومینیکا پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ چوکسی کو 2017 میں اینٹیگوا اور باربوڈا کی شہریت ملی تھی۔ وہ ہندوستان سے فرار ہونے کے بعد جنوری 2018 سے وہیں مقیم ہیں۔انٹیگوا کے وزیر اعظم گیسٹن براؤن نے اپنے پڑوسی ملک ڈومینیکا سے کہا ہے کہ وہ مفرور تاجر میہول چوکسی کو براہ راست ہندوستان کے حوالے کریں۔ 2017 میں شہریت لینے کے بعد ، وہ 2018 سے اینٹیگوا اور باربوڈا میں مقیم تھا۔ ہندوستانی شہری 61 سالہ میہول چو کسی اور ان کے بھتیجے نیرو مودی پر پنجاب نیشنل بینک سے 13500 کروڑ روپئے کی عوامی رقم کے غبن کا الزام ہے۔بار بار ضمانت سے انکار کے بعد مودی لندن کی جیل میں ہیں اور انہیں ہندوستان کی حوالگی کا سامنا ہے۔ دونوں کو سی بی آئی تحقیقات کا سامنا ہے۔میہول چوکسی کے وکیل وجئے اگروال کا کہنا ہے کہ انہوں نے انٹیگوا کی شہریت حاصل کی ہے لہذا ایمگریشن قواعد کے مطابق انہیں انٹیگوا ہی بھیجا جاسکتا ہے۔ راست ہندوستان کو حوالگی آسان نہیں ہوگی۔