می سیوا کی 16 دسمبر تک کارکردگی مسدود،آج سے عمل آوری ، کمشنر می سیوا جی وینکٹیشور راؤ کا بیان

   

حیدرآباد۔12ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاست میں 13تا 16 ڈسمبر ’’می سیوا ‘‘ خدمات غیر کارکرد رہیں گی۔ کمشنر می سیوا مسٹر جی وینکٹیشور راؤ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق اس مدت کے دوران ریاست کے می سیوا مراکز کی خدمات مفلوج رہیں گی اور اس دوران می سیوا مراکز پر کوئی کام انجام نہیں دیئے جائیں گے اور 16 ڈسمبر کو یہ خدمات بحال کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ڈاٹا کی منتقلی کے اقدامات اور ریکارڈس کو یکجا کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے سبب می سیوا خدمات میں خلل پیدا ہورہا ہے ۔کمشنر می سیوا کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں اس بات کی بھی صراحت کی گئی ہے کہ اس مدت کے دوران ای۔سیوا مراکز کی خدمات پر کوئی اثر نہیں ہوگا بلکہ صرف می سیوا مراکز کی خدمات مفلوج رہیں گی۔حکومت تلنگانہ نے می سیوا مراکز کا ڈاٹا جو وصول ہوا ہے اس کو محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت تین یوم کے لئے می سیوا خدمات کو معطل رکھا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ اس سلسلہ میں کمشنر مسٹر جی وینکٹیشور راؤ نے گذشتہ یوم باضابطہ احکام جاری کرتے ہوئے تمام می سیوا مراکز کے ذمہ داروں کو مطلع کردیا ہے اور عوام کو بھی اس بات سے مطلع کیا جا رہاہے کہ 16 تا 18 ڈسمبر یہ خدمات معطل رہیں گی اور 18 ڈسمبر سے خدمات کا احیاء عمل میں لائے جانے کی توقع ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے کئی ایک خدمات می سیوا مراکز پر فراہم کی جا رہی ہیں جن میں سرکاری خدمات کے علاوہ خانگی خدمات بھی شامل ہیں جن سے شہری استفادہ کر رہے ہیں۔