فون ٹیاپنگ جانچ پر عدم اطمینان کا اظہار
حیدرآباد ۔6 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ جاگرتی کی صدر کے کویتا نے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور پارٹی کے اعلان کے لئے اچھے مہورت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ فون ٹیاپنگ معاملہ میں ملوث اہم افراد کو چھوڑ کر پرنیت راؤ جیسے چھوٹی مچھلیوں کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم گرفتار کرتے ہوئے اہم کامیابی قرار دے رہی ہے۔ پرنیت راؤ کو حکومت نے حال ہی میں تنزل کرتے ہوئے انسپکٹر بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فون ٹیاپنگ معاملہ میں تحقیقاتی عہدیدار چھوٹی مچھلیوں کا شکار کر رہے ہیں جبکہ اہم قائدین تحقیقات سے باہر ہیں۔ فون ٹیاپنگ جانچ کو ٹی وی سیریل کی طرح چلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تاریخ میں کے سی آر کے رول پر تاریخ رقم کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بی سی سب پلان کے بارے میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جائے۔ کویتا نے کہا کہ 12 فروری کو آر ٹی سی کلیان منڈپم میں تلنگانہ جاگرتی کی جانب سے جہدکاروں کا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ کویتا نے کہا کہ مجالس مقامی انتخابات میں بی آر ایس کی مہم کمزور ہے۔1