نئی نسل کو فلسطین کے حالات اور مسجد اقصیٰ کی اہمیت سے واقف کروانے پر زور : مولانا جعفر پاشاہ

   

تعمیر ملت کا احتجاجی جلسہ عام اور دعائے قنوت نازلہ، جناب محمد ضیاء الدین نیئر و دیگر کا خطاب

حیدرآباد 22 اکٹوبر (پریس نوٹ) صدر مجلس تعمیر ملت جناب محمد ضیاء الدین نیئر نے کہاکہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر حماس کو اس طرح کی کارروائی کرنے پر مجبور ہونا پڑا اور کہاکہ اس فوجی کارروائیوں کو فلسطینیوں پر مظالم کا جواب تصور کیا جاسکتا ہے جو کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ جناب محمد ضیاء الدین نیئر 20 اکٹوبر کو گلشن خلیل مانصاحب ٹینک میں کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیراہتمام منعقدہ احتجاجی جلسہ عام اور دعائے قنوت نازلہ میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے غزہ میں فلسطینیوں اور مسلمانوں کے مقدس مقامات جیسے قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ کے خلاف مظالم بند کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے اسرائیل کی طرف سے مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی کی بھی مذمت کی۔ امیر ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے نئی نسل بالخصوص اپنے بچوں کو فلسطین کے حالات اور مسجد اقصیٰ کی اہمیت سے واقف کروانے کا برادران اسلام کو مشورہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ مسجد اقصیٰ کیا ہے اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا فرمان نقل کرتے ہوئے کہاکہ مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ کر نکلنے والا گویا اپنی ماں کے پیٹ سے پیدا ہونے کے برابر ہے جیسا کہ بچہ ماں کے پیٹ سے پاک و صاف پیدا ہوتا ہے اور وہ کسی بھی گناہ سے بالکل پاک ہوتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ فلسطین کے پریشان حال مظلوموں کے لئے دعائیں کرنے پر زور دیا تاکہ اللہ تعالیٰ اس دعا کے طفیل سے ہماری آخرت بھی سنوار دے۔ مولانا مفتی عمر عابدین نے کہاکہ موجودہ تاریخ میں سب سے زندہ و تابندہ قوم اگر ہے تو وہ مسلمان ہے۔ مولانا مفتی سید بشیر احمد حسامی اشرف نے کہاکہ بیت المقدس کی اسلام میں بڑی اہمیت ہے جہاں حضور اکرم ﷺ نے انبیائے کرام کی امامت فرمائی اور اسی مقام سے معراج کا سفر بھی شروع فرمایا۔ مولانا نے کہاکہ اسلام میں تین مسجدوں کی اہمیت ہے جس میں مسجد اقصیٰ بھی قابل ذکر ہے۔ انھوں نے کہاکہ بیت المقدس کئی سال تک بلکہ حضرت محمد ﷺ ہجرت تک بھی قبلہ اوّل رہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ بیت المقدس کی تعمیر حضرت سلیمان علیہ السلام نے کی تھی اور حضرت موسیٰ علیہ السلام نے سجدہ کیا تھا۔ جناب عمر احمد شفیق نے کہاکہ موجودہ حالات میں بھی اگر کوئی مسلمان سورہا ہے تو اس کا ایمان کامل نہیں ہے اور جس کا ایمان کامل ہوگا وہ اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتا ہے۔ قبل ازیں مولانا مفتی عمر عابدین نے نماز مغرب اور قنوت نازلہ کی امامت کی اور رقت انگیز دعا کی۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد سلیمان کی قرأت کلام پاک اور جناب سید شاہنواز ہاشمی کی نعت شریف سے ہوا۔ جناب محمد سیف الرحیم قریشی نے کارروائی چلاتے ہوئے کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے اس جلسہ کے انعقاد پر روشنی ڈالی اور آخر میں شکریہ ادا کیا۔