نئے سیکریٹریٹ و اسمبلی کی تعمیر ‘ عوامی رقومات کا زیاں : اتم کمار ریڈی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 7 جولائی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کانگریس نے آج کہا کہ نئے سیکریٹریٹ اور اسمبلی کی عمارتوں کی تعمیر در اصل عوامی رقومات کا بھاری زیاں ہے کیونکہ موجودہ عمارتیں کافی اور محفوظ ہیں۔ شہر میں ایک کل جماعتی گول میز کانفرنس منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نئے سیکریٹریٹ اور اسمبلی کی عمارتوں کی تعمیر کے خلاف ہے کیونکہ اس سے عوامی رقومات ضائع ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے کامپلکس کی ضرورت اس لئے بھی نہیں ہے کیونکہ موجودہ عمارتیں استعمال کیلئے کافی اور محفوظ بھی ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو نے 27 جون کو سیکریٹریٹ اور اسمبلی کی نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا تھا ۔ ریاستی کابینہ نے بھی اس تجویز کو منظوری دیدی ہے اور ایک وزارتی گروپ وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی کی قیادت میں تشکیل دیا ہے تاکہ ان نئی تعمیرات کی نگرانی کی جاسکے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ پانچ مسلسل معیادوں تک رکن اسمبلی رہے ہیں اور وہ اسمبلی کے احاطہ سے مانوس ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کئی دوسری ریاستوں کی اسمبلی عمارتوں کو بھیش دیکھا ہے ۔ اب وہ پارلیمنٹ بھی بحیثیت رکن پارلیمنٹ جا رہے ہیں۔ ان کے خیال میں موجودہ اسمبلی کی عمارت پارلیمنٹ کی عمارت سے اگر بہتر نہیں تو اس کی ٹکر پر ضرور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی عمارت کو آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی اسمبلیوں کیلئے بھی استعمال کیا گہا ہے اور ان کے خیال میں نئے اسمبلی کامپلکس کی تعمیر بالکل غیر واجبی و غیر منصفانہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہ چیف منسٹر نے اور نہ ہی حکومت کی جانب سے کسی نے ان نئی تعمیرات کا کوئی جواز یا وجہ بیان کی ہے ۔