نئے صنعت کاروں کو قانونی اعانت کیلئے نلسار ۔ ٹی ۔ ہب سمجھوتہ

   

حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں اُبھرتے ہوئے صنعت کاروں کی اعانت اور رہنمائی کے مرکز ٹی ۔ ہب اور شہر میں واقع نیشنل اکیڈیمی آف لیگل اسٹڈیز اینڈ ریسرچ یونیورسٹی آف لاء ( نلسار ) نے ایک یادداشت مفاہمت پر دسخت کئے ہیں جس کے تحت موخرالذکر کی جانب سے نئے صنعت کاروں کی قانونی رہنمائی کی جائے گی۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نلسار کے معاون ادارہ ’ کلیر ‘ کی طرف سے عمل آوری کی جائے گی تاکہ نئے صنعت کاروں کو ایک وسیع تر قانونی و تجارتی بنیاد کی فراہمی کے ذریعہ تجارتی نمونے تیار کرنے میں مدد کی جاسکے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نئے صنعت کار اپنے بزنس کے ابتدائی مرحلوں میں تعاون و رہنمائی کے حصول کیلئے اپنے اداروں کے نام درج کرواسکتے ہیں۔ انہیں ٹی ۔ ہب اور نلسار کے ماہرین کی طرف سے مختلف اُمور و مسائل پر مشورے دیئے جائیں گے۔