حیدرآباد۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ملک کو میزائیل ٹکنالوجی میں تقریبا خود مکتفی بنانے پر ڈی آر ڈی کے سائنسدانوں اور انجینئرس کی ستائش کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ان سائنسدانوں اور انجینئرس نے اپنی انتھک محنت اور جذبہ سے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبہ میں خود مکتفی بننا انتہائی اہمیت کا حامل ہی نہیں ہے بلکہ ملک کے وقار کے معاملے میں بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام میزائیل کامپلکس میں دو نئی سہولتوں کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ نائب صدر جمہوریہ نے میزائیل کامپلکس لیباریٹری کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ انہیں اندرون ملک تیار کردہ سامان دیکھ کر مسرت کا احساس ہو رہا ہے ۔ انہیں ڈی آر ڈی او کے عہدیداروں نے مختلف جاریہ پراجیکٹس اور ٹکنالوجی تیاریوں کی تفصیلات سے بھی واقف کروایا ۔