بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کے بعد جے پی نڈا کا اعلان
نئی دہلی: این ڈی اے نے نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار کے طور پر جگدیپ دھنکر کے نام کا اعلان کیا ہے وہ اس وقت مغربی بنگال کے گورنر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ہفتہ کی شام بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ ہوئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، مرکزی وزیر نتن گڈکری، مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اور پارلیمانی بورڈ کے اراکین نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقع پر نائب صدر کے امیدوار کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے اعلان کیا کہ جگدیپ دھنکر کو این ڈی اے کی جانب سے نائب صدر کے انتخاب میں میدان میں اتارا جائے گا۔ موجودہ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو کی میعاد 10 اگست کو ختم ہورہی ہے۔ اس سلسلے میں حال ہی میں انتخابی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ ووٹنگ 6 اگست کو ہوگی۔گورنر بنگال کی حیثیت سے دھنکر شہ سرخیوں میں رہے ہیں۔ خاص طور پر چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کے ساتھ کئی مسائل پر ان کا اختلاف رائے میڈیا میں چھایا رہا ہے۔