ناخواندہ افراد کو تعلیم کی فراہمی کیلئے حکومت کی مہم

   

تمام ناخواندہ افراد کی فہرست بنانے ’ پلے پرگتی ‘ پروگرام: چیف سکریٹری
حیدرآباد۔یکم جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے 2 جنوری سے شروع کئے جانے والے ’’ پلے پرگتی ‘‘ ( گاؤں کی ترقی ) پروگرام کے حصہ کے طور پر 18 سال سے زائد عمر کے پائے جانے والے ناخواندہ افراد کی فہرست مرتب کرنے کیلئے جاریہ ماہ 10 جنوری تک نامو ں کو درج کرنے کی نئے ریاستی چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایات دیں۔ ضلع کلکٹروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں معمر افراد کو خواندہ بنانے و معمرین میں خواندگی کو فروغ دینے خصوصی تشہیر ( پبلسٹی ) کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں ( ہر کوئی کسی ایک کو تعلیم دے ) ’’ ایچ ون ۔ سیچ ون ‘‘ پروگرام کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہذا ریاست بھر میں کل سے دوسرے مرحلہ کے تحت شروع کئے جانے والے پلے پرگتی پروگرام کے موقع پر ہر گرام پنچایتوں میں پڑھنے اور لکھنے نہ آنے والے افراد کی مکمل تفصیلات اکٹھا کرنے کے اقدامات کی تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایات دی اور کہا کہ گاؤں سے متعلق اس مرتب کی جانے والی فہرست میں 18 سال سے زائد عمر والے ناخواندہ تمام افراد کی تفصیلات شامل رہنا چاہیئے۔