نارائن پیٹ میں تور کے بیج کی مفت تقسیم

   

رکن اسمبلی راجندر ریڈی کا مستحسن اقدام، غریب کسانوں کو راحت
نارائن پیٹ۔ رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے ایک مستحسن اقدام کرتے ہوئے اپنے اسمبلی حلقہ کے غریب کسانوں میں اپنے کھیت کی فصل سے تور کے بیج تخم ریزی کے لئے مفت تقسیم کئے۔ انہوں نے اپنے حلقہ اسمبلی کے منڈلوں نارائن پیٹ، مریکل، دھنواڑہ اور دامر گدہ منڈل کے کسانوں کو امسال موسم باراں میں مرگ کے بعد اپنے اپنے کھیتوں میں تخم ریزی کے لئے یہ بیج فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ میں تور کی فصل کے لئے زمین اور موسم سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کو ایک ایکر اراضی پر پانچ ہزار روپئے کی ہر چھ ماہ میں امداد فراہم کررہی ہے۔ علاوہ ازیں ان کی محنت سے اگائی گئی فصلوں کو بھی واجبی داموں پر خرید کر ان کی مدد کررہی ہے۔