نارائن پیٹ میں مالیاتی شعور بیداری اجلاس کا انعقاد

   

نارائن پیٹ /21 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ کے سنگارم اسکوائر پر موجود ہیومن ریسور ٹریننگ سنٹر ہال میں لیڈ بنک کے ایل ڈی ایم مسٹر وجئے کمار کی صدارت میں ایک مالیاتی شعور بیداری اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ مسٹر وجئے کمار نے طلباء ، خواتین اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ آر بی آئی کے منیجر مہمان خصوصی مسٹر دیبوجیت بروا اس پروگرام کو مخاطب کریں گے ۔ انہوں نے اس موقع پر انتباہ دیا کہ سائبر جرائم کے متعلق بہت ہی چوکنا و چوکس رہنا چاہئے ورنہ سائبر مجرمین آپ کو آسانی سے دھوکہ دیتے ہوئے لاکھوں روپئے کا چونا لگا دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سائبر مجرم ، آپ کو فون پر کال کرتے ہوئے ذاتی معلومات جیسے او ٹی پی ، اے ٹی ایم پن نمبر وغیرہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ آر بی آئی کے اسسٹنٹ منیجرس مسٹر کلیم الدین اور سدھارتھ نے اس موقع پر کہا کہ رقم اور نقدی کا استعمال صرف ضرورت کے وقت ہی کیا جانا بہتر ہوتا ہے ۔ آپ بنک اکاونٹ میں پیسے جمع کرتے ہیں تو ضرورت کے وقت نکال سکتے ہیں ۔ اس موقع پر وڈس چیریٹی کے کونسلرز مسٹرز ملیش شیشدھر ، روی کمار اور شانتھا نے بینکوں میں انشورنس سہولیات کے بارے میں تفصیلات بتلائیں ۔ اس اجلاس میں طلباء نوجوان اور خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔