نارائن پیٹ ۔ نارائن پیٹ ضلع کے آئمہ و موذنین پچھلے چار ماہ جولائی ، اگست ، ستمبر اور اکٹوبر 2020 کے اعزازیہ سے محروم ہیں ۔ اس سلسلے میں بارہا ریاستی وقف بورڈ کو توجہ دلائی گئی اور ارباب مجاز سے نمائندگیاں بھی کی گئی ۔ تاہم شنوائی نہیں ہوئی ۔ گرانی اور کوویڈ 19 کے سبب ملک کا ہر طبقہ شدید بحران کا شکار ہے ۔ ایسے حالات میں آئمہ و موذنین کئی مہینوں سے ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ اعزازیہ سے محروم ہیں ۔ اکثر آئمہ و موذنین کا گذر بسر صرف اعزازیہ پر ہوتا ہے ۔ معاشرہ کے اس معززطبقہ کو ان کے حق سے استفادہ سے تساہل اور تغافل پر تناؤ انتہائی نامعقول بات ہے ۔ اس کے علاوہ کئی آئمہ و موذنین ایسے بھی ہیں جن کے نام شامل کرنا ہے ۔ انہیں پرمٹ لیٹر بھی ملا ہے ۔ تاہم اعزازیہ جاری نہیں کیا گیا ۔ واقعی مستحق افراد جو مساجد میں برسر خدمت ہیں تحقیقات و سروے کے ذریعہ بھی انہیں اعزازیہ جاری کیا جاسکتا ہے ۔ بیشتر ایسے بھی ہیں جو پہلے خدمات انجام دیتے تھے ۔ لیکن اپنی خدمات سے دستبردار ہوگئے ۔ ان کی جگہ نئے آئمہ و موذنین کا کمیٹی کی جانب سے باضابطہ تقرر عمل میں لایا گیا ہے اور تحریری نمائندگی بھی وقف بورڈ سے کی گئی ہے ۔ اس طرح کے کئی ایک مسائل ہیں جس پر فی الفوت توجہ کی ضرورت ہے ۔ نارائن پیٹ ضلع کے آئمہ و موذنین نے صدرنشین وقف بورڈ سے اپیل کرتے ہیں کہ نارائن پیٹ ضلع کے آئمہ و موذنین کا اعزازیہ فی الفور جاری کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔