تلگودیشم سیکولرازم پر قائم، بسم اللہ میٹ ہاؤز کا بھی ریاستی وزیر نے افتتاح کیا
حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نارا لوکیش نے منگل گیری اسمبلی حلقہ میں کئی ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا۔ اُنھوں نے اقلیتی طبقہ کے نمائندوں سے ملاقات کی اور تعلیمی اور معاشی ترقی کے لئے اقدامات کا تیقن دیا۔ نارا لوکیش نے کہاکہ تلگودیشم پارٹی سیکولرازم پر مکمل ایقان رکھتی ہے اور تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کیا جاتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مذہب چاہے کوئی ہو، انسانیت کا جذبہ برقرار رہنا چاہئے۔ نارا لوکیش نے منگل گیری میں مسجد نور کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور مصلیوں سے خطاب کیا۔ اُنھوں نے آٹو نگر میں بسم اللہ میٹ ہاؤز کا افتتاح انجام دیا۔ اقلیتی طبقہ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے نارا لوکیش نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کرتے ہوئے تعلیمی اور معاشی ترقی کو یقینی بنائیں۔ منگل گیری آر ٹی سی بس ڈپو کے قریب کالونی میں مسجد نور کی تعمیر عمل میں آئی جس کا آج افتتاح ہوا۔ اُنھوں نے منگل گیری کے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا جنھوں نے خدمت کا موقع دیا ہے۔ نارا لوکیش نے حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی بھلائی کے لئے شروع کردہ اسکیمات کی تفصیلات پیش کیں۔ منگل گیری آٹو نگر میں مقامی مسلم نوجوانوں محمد علی غوث اور سید حسین کی جانب سے قائم کی گئی بسم اللہ مٹن ہاؤز کا نارا لوکیش نے افتتاح کیا۔ اِس موقع پر پدماشالی ویلفیر کارپوریشن کے صدرنشین این عبداللہ اور مقامی اقلیتی قائدین موجود تھے۔ نارا لوکیش نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے سلسلہ میں اُن سے بلا جھجک رجوع ہوں۔1