حیدرآباد : /21 مئی (سیاست نیوز) ملک پیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں دو دن قبل نامعلوم خاتون کا کٹا ہوا سر دستیاب ہونے اور اس پر قتل کا شبہ ہونے کے نتیجہ میں پولیس نے خاطیوں کی گرفتاری کیلئے شدت پیدا کردی ہے ۔ ملک پیٹ پولیس نے مقتول خاتون کی شناخت اور خاطیوں کی گرفتاری کیلئے 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ نامعلوم خاتون کے کٹے ہوئے سر کی تصویر کے پوسٹرس علاقہ ملک پیٹ ، سعیدآباد ، چادر گھاٹ ، پرانے شہر کے علاوہ اور دیگر مقامات پر بھی چسپاں کئے گئے ہیں تاکہ اس کیس میں پیشرفت کی جاسکے ۔ گزشتہ ہفتہ ملک پیٹ پولیس کو ایک نامعلوم خاتون کا کٹا ہوا سر ایک تھیلے میں دستیاب ہوا تھا اور پولیس کو شبہ ہے کہ ایک خاتون کی عمر 35 تا 40 سال کے درمیان ہے اور مقتول خاتون مسلمان ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ پولیس ملک پیٹ نے کوششوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے خاتون کے بارے میں کسی بھی قسم کی اطلاع دستیاب ہونے پر انسپکٹر ملک پیٹ پولیس اسٹیشن کے سرینواس کے موبائیل نمبر 8712660570 پر دی جاسکتی ہیں ۔