46 دنوں میں 23.50 لاکھ افراد نے نمائش کا مشاہدہ کیا، آخری دن ایک لاکھ افراد کی آمد
حیدرآباد ۔16 ۔ فروری (سیاست نیوز) نامپلی نمائش گراؤنڈ پر منعقدہ 85 ویں نمائش اتوار کو اختتام کو پہنچی۔ اس 46 روزہ نمائش کو 23.50 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا جبکہ آخری دن تقریباً ایک لاکھ عوام نے نمائش کا مشاہدہ کیا۔ منتظمین کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال تقریباً تین لاکھ زائد لوگ نمائش دیکھنے آئے۔ نمائش سوسائٹی کے نائب صدر آر سکیش ریڈی اور سکریٹری این راجیشور نے بتایا کہ اس سال نمائش میں تقریباً 1100 اسٹالس لگائے گئے تھے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع ، مختلف ریاستوں اور بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی جس سے نمائش کی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے ۔ اس نمائش میں مرکزی اور ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات نے اپنے اسٹالس کے ذریعہ فلاحی اسکیموں اور ترقیاتی پروگراموں کی تشہیر کی ، اس کے ساتھ فوڈ کورٹس ، تفریحی پارکس اور ثقافتی پروگراموں نے نمائش دیکھنے والوں کو بھرپور تفریح فراہم کی ۔ خاندانی ماحول خریداری کے بہترین مواقع دستیاب ہوئے ۔ ساتھ ہی روایاتی و جدید مصنوعات کی نمائش اس سال بھی عوام کی خاص توجہ کا مرکز رہی۔ منتظمین نے بتایا کہ نمائش سے حاصل ہونے والی آمدنی سوسائٹی کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں کی ترقی اور بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ جس سے ہزاروں طلبہ کو فائدہ پہنچے گا۔ اس طرح نمائش نہ صرف تفریح اور نہ تجارت کا ذریعہ بنی بلکہ تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوئی۔ 2