ناچارم میں کار سے 1.2 کروڑ روپئے ضبط

   

حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر شراب اور رقومات کی تقسیم کو روکنے الیکشن کمیشن نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ جیسے جیسے رائے دہی کی تاریخ قریب آرہی ہے، شہر اور اضلاع میں تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی گئی۔ اہم مقامات پر چیک پوسٹ قائم کرکے گاڑیوں کی تلاشی کے دوران کروڑہا روپئے کی رقومات ضبط کی جاچکی ہیں۔ رقومات کی ضبطی کے معاملہ میں 5 الیکشن والی ریاستوں میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ اِسی دوران ناچارم پولیس نے گاڑیوں کی تلاشی کے دوران ایک کار سے 1.2 کروڑ روپئے ضبط کئے ۔ ناگول سے تعلق رکھنے والے سنیل ریڈی اور کار میکانک شرت بھونگیر جارہے تھے کہ ناچارم سرکل انسپکٹر پربھاکر ریڈی اور سب انسپکٹران گنگادھر ریڈی اور سرنگا پانی نے گاڑی روک کر تلاشی لی۔ تفتیش پر دونوں نے انکشاف کیاکہ کار کے دروازوں کے اندرونی حصے میں نوٹوں کے بنڈلس چھپائے گئے ہیں۔ پولیس نے رقم کو ضبط کرلیا اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔