ناکامی کے باوجود اب تک کا بہترین مظاہرہ :امیت

   

نئی دہلی : متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ایشین باکسنگ چمپیئن شپ کے فائنل میں ازبکستان کے حریف کھلاڑی کے خلاف ہونے والی متنازعہ ناکامی پر برہم نظر آرہے ہندوستانی باکسر امیت پنگھل نے کہاکہ ناکامی کے باوجود اب تک کا یہ میرا بہترین مظاہرہ ہے ۔ 52 کیلوگرام زمرے میں مقابلہ کرنے والے پنگھل کے متعلق اُمید تھی کہ وہ گولڈ میڈل کے اپنے گزشتہ ایونٹ کے خطاب کا کامیاب دفاع کریں گے لیکن فائنل میں انھیں اولمپک چمپیئن شاکوبدین زورو کے خلاف 2-3 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ کٹر حریف شاکوبدین کے خلاف یہ ان کی دوسری شکست ہے ، کیونکہ 2019 ورلڈ چمپیئن شپ کے فائنل میں بھی ہندوستانی باکسر کو شکست برداشت کرنی پڑی ۔ متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ایشین چمپیئن شپ کے فائنل میں نتیجے ہندوستان کے باکسر کے خلاف 3-2 کا رہا جس پر ہندوستانی ٹیم نے احتجاج کرتے ہوئے نتیجے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا لیکن جیوری نے اسے مسترد کردیا۔ فائنل کے نتیجے پر برہمی کا اظہار کرنیوالے 25 سالہ ہریانہ کے باکسر نے کہا کہ ناکامی کے باوجود یہ میرا بہترین مظاہرہ رہا کیونکہ 2019 ء میں مجھے اپنے حریف کے خلاف 0-5 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن یہ ناکامی 3-2 کی رہی۔ پنگھل نے کہاکہ ٹوکیو اولمپک میں وہ بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں ۔ ٹوکیو اولمپکس سے قبل میں انیل دھنکر کی جانب سے دی جانے والی ٹپس مجھے ایشین چمپیئن شپ میں کام آئی ۔ یاد رہے ٹوکیو اولمپکس میں پنگھل سے بہترین مظاہرے اور میڈل کی اُمید ہے ۔