بی جے پی اور کانگریس سے مقابلہ کی تیاری، جانا ریڈی کانگریس کے امکانی امیدوار
حیدرآباد: دوباک اور گریٹر حیدرآباد انتخابات میں ناقص مظاہرہ کے بعد ٹی آر ایس نے ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے لئے مضبوط امیدوار کی تلاش شروع کردی ہے۔ رکن اسمبلی این نرسمہیا کے دیہانت کے سبب یہ نشست خالی ہوئی ہے جہاں عنقریب ضمنی چناؤ کا امکان ہے۔ مقامی قائدین اس نشست سے نرسمہیا کے فرزند کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن ٹی آر ایس کی اعلیٰ قیادت کا ماننا ہے کہ کانگریس اور بی جے پی سے مقابلہ کیلئے کسی اور مضبوط امیدوار کو میدان میں اتارنا پڑے گا۔ بی جے پی اور کانگریس نے اس نشست پر توجہ مرکوز کردی ہے ۔ بی جے پی نے یہاں تک کوشش کی کہ کانگریس کے سینئر لیڈر کے جانا ریڈی کو پارٹی میں شامل کرتے ہوئے امیدوار بنایا جائے تاکہ کامیابی میں آسانی ہو۔ دوسری طرف کانگریس نے جانا ریڈی کو امیدوار بنانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے ۔ دونوں پارٹیوں کی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ٹی آر ایس قیادت کی نظر یں صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی پر مرکوز ہوچکی ہے۔ سکھیندر ریڈی کا تعلق نلگنڈہ ضلع سے ہے اور وہ سابق میں کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا حلقہ نلگنڈہ سے منتخب ہوچکے ہیں۔ ٹی آر ایس کسی سنجیدہ امیدوار کو میدان میں اتارنا چاہتی ہے اور ایسے میں سکھیندر ریڈی کا نام سرفہرست بتایا گیا ہے۔ نلگنڈہ کانگریس ، ٹی آر ایس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے اہم مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے ۔ دوباک کے ضمنی چناؤ میں کامیابی اور گریٹر حیدرآباد میں 48 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی پارٹی کا موقف حاصل کرنے کے بعد بی جے پی ناگرجنا ساگر میں زعفرانی پرچم لہرانے کیلئے کوئی کسر باقی رکھنا نہیں چاہتی ۔ ضلع میں بی جے پی کے لئے کوئی مضبوط قائد موجود نہیں ، لہذا وہ کانگریس کے جانا ریڈی یا ان کے فرزند کو پارٹی میں شامل کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹی آر ایس ذرائع کے مطابق سکھیندر ریڈی نلگنڈہ میں اپنی مقبولیت کے سبب جانا ریڈی سے بہتر مقابلہ کرسکتے ہیں۔ وہ نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے تین مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ سکھیندر ریڈی بنیادی طور پر تلگو دیشم کے ہیں اور بعد میں انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے وہ ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکھیندر ریڈی کی قانون ساز کونسل کی میعاد جون 2021 ء میں ختم ہورہی ہے۔ لہذا پارٹی قیادت انہیں اسمبلی کے ضمنی چناؤ میں منتخب کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔