ناگر جنا ساگر سے فاضل پانی کا اخراج

,

   

احتیاطی تدابیر کے طور پر دو گیٹس کھول دیئے گئے
حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں پھر ایک مرتبہ فاضل پانی کا ذخیرہ ہونے کے باعث آج پھر ایک مرتبہ پراجکٹ عہدیداروں نے نے ناگرجنا ساگر پراجکٹ کے دو گیٹس کھول کر فاضل پانی کو خارج کرنے کا اقدام کیا۔ ناگر جنا ساگر پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتاہے کہ ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں دریائے کرشنا کے ذریعہ اوپر کے حصہ میں ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے پھر ایک مرتبہ پانی کے بہاؤ کا آغاز ہوا ہے۔ جس کے نتیجہ میں ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی بڑھتی ہوئی سطح آب کو پیش نظر رکھتے ہوئے پراجکٹ عہدیداروں نے احتیاطی تدابیر کے تحت آج پھر ایک مرتبہ پراجکٹ کے دو گیٹس کھول دیئے ۔ عہدیداروں کے مطابق سری سیلم پراجکٹ میں جورالا پراجکٹ کے ذریعہ زائد از ایک لاکھ کیوزکس پانی کا بہاؤ جاری ہے اور اس جاری بہاؤ کی وجہ سے سری سیلم پراجکٹ کے ذریعہ ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں 60,649 کیوزکس پانی کا ذخیرہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی جملہ سطح آب 590 فیٹ کے منجملہ موجود ہ سطح آب تقریباً589 فیٹ بتائی جاتی ہے۔ اس طرح فی الوقت ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں 312 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ پایا جارہا ہے۔ جبکہ سری سیلم پراجکٹ میں پانی کے ذخیرہ کی گنجائش 215.89 ٹی ایم سی ہونے کے منجملہ فی الوقت سری سیلم پراجکٹ میں زائد از 211 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ پایا جارہا ہے۔