275 ایکڑ اراضی پر 100 کروڑ روپئے کے مصارف ، ٹیوٹر پر کے ٹی آر نے تصاویر شیئر کی
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے 100 کروڑ روپئے کے مصارف ناگر جنا ساگر کے پاس 275 ایکڑ اراضی پر دنیا کا سب سے بڑا بدھسٹ ہیرٹیج تھیم پارک تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ٹیوٹر پر یہ اطلاع دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں سیاحت کو فروغ دینے اور تاریخی ورثہ کی حفاظت اور اس کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ان سیاحتی مقامات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ جس کو ماضی میں نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ ریاست تلنگانہ کے ناگرجنا ساگر کے پاس تعمیر کئے جانے والے بدھاونم پراجکٹ کی تصاویر کے ٹی آر نے ٹیوٹر پر شیئر کی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 275 ایکڑ اراضی پر تعمیر کئے جانے والے اس پارک پر مٹھوں کے ساتھ ، ایکٹورازم ریسارٹس ، فوڈ پارکس کے ساتھ دوسری سہولتیں فراہم کی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ریاست تلنگانہ کو ہر معاملے میں نمبر ون بنانے کا عزم کرتے ہوئے کام کررہے ہیں ۔ ان کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے تلنگانہ تمام شعبوں میں مساوی ترقی کررہا ہے ۔ ہر پراجکٹ کو مقررہ وقت پر یا اس سے قبل مکمل کرنے کے ادامات کئے جارہے ہیں اور اس میں کامیاب بھی ہورہے ہیں ۔۔