ناگم جناردھن ریڈی کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات، بی آر ایس میں شمولیت

   

حیدرآباد۔/29اکٹوبر، ( سیاست نیوز) انتخابی ماحول میں سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی عروج پر ہے۔ ایک پارٹی سے ناراض قائدین کو دوسری پارٹی فوری طور پر اچکنے کیلئے دوڑ رہی ہے اس دوڑ میں برسراقتدار بی آر ایس آگے ہے۔ سابق وزیر ڈاکٹر این جناردھن ریڈی کو کانگریس پارٹی نے ناگرکرنول اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ نہیں دیا جس پر ناراض ہوکر انہوں نے پارٹی سے استعفی دے دیا۔ ناگم جناردھن ریڈی کے استعفی کے فوری بعد ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ جنارھن ریڈی کی قیامگاہ پہنچ گئے۔ رکن اسمبلی بی بالراجو اور دیگر قائدین کے ہمراہ جناردھن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناگم جناردھن ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے انہوں نے جناردھن ریڈی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ بی آر ایس میں انہیں اور ان کے حامیوں کو مناسب مقام دیا جائے گا۔