فائر عملے کے وقت پر مقام حادثہ نہ پہنچنے پر نقصان
یلاریڈی ۔ 30 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے بنجر علاقہ کی شاہراہ پرریت کی لاری حادثاتی طور پر جل کر خاکستر ہوگئی ۔ حیدرآباد بودھن شاہراہ پر لاری کو لگی آگ کے شعلے بھیانک طریقہ سے بھڑک اٹھنے پر دونوں طرف سے گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی ۔ دو گھنٹہ گاڑیوں کی شاہراہ کے دونوں جانب قطار لگ گئی ۔ ریت کی لاری میدک کی طرف جا رہی تھی ۔ بنجر علاقہ سے گذرتے وقت لاری کے پچھلے ٹائر سے آگ نکلنا شروع ہوئی جس کو دیکھ کر ڈرائیور رام ریڈی نے لاری روک کر آگ بجھانے کی کوشش کی ۔ لیکن آگ بجائے کم ہونے شدت کے ساتھ اٹھنے سے دور بھاگنا پڑا ۔ اطلاع ملتے ہی منڈل سب انسپکٹر مسٹر موہن نے اپنے عملہ کے ساتھ مقام حادثہ پر پہنچ کر شاہرہ کے دونوں جانب گاڑیوں کو روک دیا ۔ لاری کو آگ لگنے کی اطلاع یلاریڈی فائر بریگیڈ کو دی ۔ لیکن فائر عملہ وقت پر مقام حادثہ نہ پہنچنے پر لاری مکمل طریقہ سے جل خاکستر ہوگئی ۔ آخر کار فائر بریگیڈ نے آکر آگ بجھائی ۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔