نبی اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے راستہ پر عمل کرکے ہی نجات ممکن

   

دونوں شہروں میں شب قدر کا خشوع و خضوع سے اہتمام ۔ خصوصی دعائیں اور جلسوں کا انعقاد
حیدرآباد۔27۔مارچ (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں شب قدر کا انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا اور شہر کی کئی مساجد میں خصوصی دعائیہ اجتماع منعقد ہوئے جن میں معتکفین کی بڑی تعداد شامل رہی ۔ مساجد میں لیلۃ القدر کے اجتماعات میں سب سے بڑا اجتماع مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر میں دیکھا گیا ۔اس کے علاوہ شاہی مسجد باغ عامہ ‘ تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ مسجد حکیم میر وزیر علی ‘ جامع مسجد ٹین پوش اور جامع مسجد معظم پورہ ملے پلی میں بھی لیلۃ القدر کے موقع پر خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہر میں قدیم جلسہ ٔ شب قدر جامع مسجد چوک میں منعقد ہوا جس میں مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے خصوصی خطاب کیا ۔ اس کے علاوہ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام جلسہ شب قدر کا اہتمام کیا گیا اس جلسہ سے بطور خاص چین سے آئے مہمان مقرر محمد اسحاق چینگ نقشبندی کے علاوہ دیگر مہمان مقررین نے مخاطب کیا۔ گورنمنٹ جونیئر کالج چنچل گوڑہ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام لیلۃ القدرو ناموس رسالتﷺ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا اس کانفرنس سے ملک کی مختلف ریاستوں سے تشریف لائے علمائے اکرام نے مخاطب کیا۔ شب قدر کے جلسوں سے خطاب کے دوران امت مسلمہ کے نوجوانوں کو علماء نے ماہ رمضان المبارک کے وداع ہونے کے بعد بھی زندگی کو اسی طرح گذارنے کی تلقین کی اور کہاکہ نجات کا راستہ صرف وہی ہے جو نبی اکرم ﷺ کا کا بتایا ہوا ہے اور اس کے علاوہ کسی بھی راستہ پر چلتے ہوئے نجات حاصل نہیں کی جا سکتی۔ نبی اکرم ﷺ نے اس ماہ مبارک کے آخری دہے کے دوران نہ صرف عبادت ‘ دعاء و استغفار میں کثرت کی بلکہ اپنے اہل خانہ کو بھی ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں عبادت کیلئے راتوں کو نیند میں سے جگایا کرتے ۔ علماء اکرام نے کہا کہ اللہ تعالی نے اس امت کو ہزار راتوں سے بہتر رات قرار دیا ہے جو سابقہ امتوں کو حاصل نہیں تھی اور اس قدر والی رات کے دوران اللہ رب العزت نے قدر والی ذات اپنے محبوب پاکﷺ پر قدر والی کتاب (قرآن)کا نزول فرمایا ہے جو کہ احکام الہی اور مومن کیلئے طرز زندگی ہے ۔ جلسہ ہائے شب قدر سے خطاب میں علماء نے کہا کہ اللہ نے قرآن کی شکل میں زندگی کا طریقہ اور ہر مسئلہ کا حل فراہم کیا ہے اور قرآن کے نزول کے اس مہینہ میں اس بات کا عہد کریں کہ اپنے مسائل قرآن کے ذریعہ حل کریں گے اس کے علاوہ احکام خداوندی کے مطابق زندگی گذاریں گے۔شاہی مسجد باغ عامہ میں مولانا احسن بن عبدالرحمن الحمومی نے شب قدر کی رات قیام اللیل کے بعد رخت انگیز دعاء کی اسی طرح مسجد حکیم میر وزیر علیؒ میں خصوصی دعاء میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔3