نربھئے کیس ، سزائے موت کے مجرم کی درخواست مسترد

   

نئی دہلی۔ 14فروری (سیاست ڈاٹ کام)سپریم کورٹ نے ملک کو دہلا دینے والے نربھیا اجتماعی آبرو ریزی اور قتل معاملے کے قصوروار ونے شرما کی صدر جمہوریہ کے ذریعہ رحم کی درخواست کو خارج کئے جانے کو چیلنج دینے والی درخواست جمعہ کو خارج کردی۔ جسٹس آر بھانومتی ،جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس اے ایس بوپنا کی خصوصی بینچ نے کہا کہ ونے کی درخواست میں کوئی دم نظر نہیں آرہاہے ۔جسٹس بھانومتی نے بینچ کی جانب سے فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا کہ درخواست گزاروں کا یہ کہنا کہ رحم کی درخواست خارج کئے جانے کے لئے کی گئی سفارش پر دہلی کے لیفٹننٹ گورنر اور ریاست کے وزیر داخلہ کے دستخط نہیں ہوئے ہیں ،غلط ہے ۔سپریم کورٹ نے ونے کی اس دلیل کو بھی خارج کردیا کہ اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے ۔ونے کے وکیل اے پی سنگھ نے سماعت کے دوران نیا حربہ چلا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ ان کے مؤکل کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے ۔بینچ نے 30جنوری کی ایک میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ درخواست گزاروں کی ذہنی حالت خراب ہونے کی دلیل منظور کئے جانے کے قابل نہیں ہے ۔ جسٹس بھانومتی نے کہا کہ صدر کے ذریعہ رحم کی درخواست خارج کئے جانے میں کسی قسم کی کوئی قانونی لاپرواہی نہیں برتی گئی۔
عدالت نے ونے شرما کے وکیل اے پی سنگھ اور مرکزی حکومت کی جانب سے پیش سالیسیٹر جنرل تشار مہتا کی دلیلیں سننے کے بعد جمعرات کو فیصلہ محفوظ رکھ لیاتھا۔