نربھئے کیس ‘آج ہائیکورٹ کا فیصلہ

   

نئی دہلی 4 فبروری ( پی ٹی آئی ) دہلی ہائیکورٹ کی جانب سے چہارشنبہ کو مرکز کی ایک درخواست پر فیصلہ کیا جائیگا ۔ مرکز نے نربھئے کیس کے چار خاطیوں کی پھانسی کی سزا پر حکم التواء کو چیلنج کیا ہے ۔ جسٹس سیرش کمار کیٹ نے 2 فبروری کو سماعت کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔ مرکزی حکومت اور دہلی حکومت دونوں نے ہی چاروں خاطیوں مکیش کمار سنگھ ‘ پون گپتا ‘ ونئے کمار شرما اور اکشے کمار کی پھانسی کی تاریخ پر حکم التواء کو چیلنج کیا ہے ۔ یہ چاروں فی الحال تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ قبل ازیں دن میں متاثرہ لڑکی کے والدین نے عدالت سے استدعا کی کہ مرکز کی درخواست پر تیز رفتار فیصلہ کیا جائے ۔ انہیں جج نے یہ تیقن دیا کہ فیصلہ جلد سنادیا جائیگا ۔ ان خاطیوں کو 22 جنوری کو پھانسی دی جانی تھی تاہم اس میں رکاوٹ ہوئی اور پھر 2 فبروری کی تاریخ طئے ہوئی تھی لیکن اس پر بھی حکم التواء آگیا تھا ۔اب اس حکم التواء کے خلاف کل عدالت فیصلہ سنائے گی ۔