نربھئے کیس : سپریم کورٹ جج کمرہ عدالت میں بیہوش ہوگئیں

,

   

جج کو وہیل چیر پر لے جایا گیا ،4 مجرمین کو علحدہ علحدہ پھانسی دینے مرکز کی درخواست

نئی دہلی ۔ /14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نربھئے کیس میں مرکز کی درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ جج جسٹس آر بھانومتی کمرہ عدالت میں بے ہوش ہوگئیں ۔ جمعہ کے دن نربھئے اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کیس میں 4 پھانسی کی سزاء پانے والے مجرمین کو علحدہ علحدہ پھانسی دینے کیلئے مرکز کی درخواست پر حکم جاری کرنے کے دوران جج غش کھاگئیں ۔ انہیں فوری طور پر وہیل چیر کے ذریعہ علاج کیلئے لے جایا گیا ۔ کمرہ عدالت میں جب جج بھانومتی دیگر ججس جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس اے ایس بھوپنا کی خصوصی بنچ میں اس کیس کی سماعت کے دوران بے چینی محسوس کرنے لگی ۔ انہیں فوری چیمبر میں لے جایا گیا جہاں وہ دوبارہ ہوش میں آکر بنچ کے اجلاس پر واپس آئیں ۔ لیکن وہ بے چینی محسوس کررہی تھیں ۔ عصمت ریزی کیس کی سماعت کرنے والے بنچ نے بھانومتی کی بے ہوشی کے بعد عدالت میں کہا کہ اس کیس پر فیصلہ چیمبر میں سنایا جائے گا جس کے بعد کیس کی سماعت آئندہ ہفتہ تک ملتوی کردی گئی ۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے سزائے موت پائے جانے والے مجرموں میں سے ایک ونئے شرما کی اپیل مسترد کردی تھی ۔