نربھئے کیس : ونے شرما کی درخواست پر آج فیصلہ

   

نئی دہلی 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے نربھئے عصمت ریزی و قتل مقدمہ کے مجرم ونے شرما کی درخواست پر اپنا فیصلہ جمعہ تک محفوظ رکھا ہے۔ ونے شرما نے صدرجمہوریہ کی جانب سے اس کی رحم کی درخواست مسترد کئے جانے کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ میں درخواست داخل کی تھی۔ ونے شرما نربھئے کیس 2012 کے چار مجرمین میں ایک ہے جس کو پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے۔ جسٹس آریا نومتی، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس اے ایس بوپنا پر مشتمل بنچ نے کہاکہ ونے شرما کی درخواست پر فیصلہ جمعہ 14 فروری کو دن میں 2 بجے سنایا جائے گا۔ عدالت نے تقریباً دو گھنٹوں تک اس درخواست پر بحث کی سماعت کی۔ مجرم ونے شرما کے وکیل اے پی سنگھ نے کہاکہ صدرجمہوریہ کی جانب سے ونے شرما کی درخواست مسترد کی گئی کیوں کہ تمام ریکارڈس صدرجمہوریہ کے آگے پیش نہیں کئے گئے۔ وکیل نے کہاکہ ونے شرما کو جیل میں تنہائی میں رکھا گیا اور اذیتیں دی گئیں جس کے باعث وہ ذہنی مریض ہوگیا ہے۔