نرساپور میں چاقوزنی کی سنگین واردات

   

نرساپور : قاضی محلہ نرساپور میں چاقوزنی کی سنگین واردات پیش آئی ۔ اس واردات کے بعد نرساپور ٹاؤن میں سنسنی پھیل گئی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سیف علی نامی نوجوان نے شیخ معین پر حملہ کرتے ہوئے اُسے شدید زخمی کردیا ۔ شدید زخمی حالت میں معین کو سنگاریڈی کے ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ابتدائی تحقیقات اور معین کی بیوی کی شکایت کے بعد نرساپور پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور سیف علی ایک لڑکی سے عاشقی کرتا ہے اور اس کی محبت میں معین علی اور اُس کی بیوی رکاوٹ بن رہے تھے ۔ معین کو سیف علی کی حرکتوں اور لڑکی کا تعاقب کرنے پر اعتراض تھا جو اُس کے پڑوس میں رہتی ہے ۔ دونوں میاں بیوی نے لڑکی کے والدین کو سیف علی کی حرکتوں سے آگاہ کیا تھا ۔ اس بات سے خصومت پیدا کرتے ہوئے سیف علی نے آج معین کو پوسٹ آفیس چوراہے پر طلب کیا اور حملہ کردیا ۔ سیف علی پولیس کانسٹیبل غوث کا بیٹا ہے جو چنارم پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔