امریکی صدر کی بے تکی باتوں پر بھی وزیراعظم کی خاموشی ثبوت ، ہندوستان اور روس میںتیل کی خریداری پر دعویٰ نیا شوشہ
نئی دہلی، 16 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے نریندر مودی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بے تکی باتوں پر خاموشی اختیار کرلیتے ہیں اس سے لگتا ہے کہ وہ ان سے خوفزدہ ہیں۔وزیر اعظم پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “وزیر اعظم مودی، ڈونالڈ ٹرمپ سے خوفزدہ ہیں۔ وہ ٹرمپ کو یہ فیصلہ کرنے اور اعلان کرنے کی اجازت دیتے ہیں کہ ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا۔انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ مودی ان سے بات کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن امریکی صدر انہیں نظر انداز کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی “بار بار نظر انداز کرنے کے باوجود مبارکباد کے پیغامات بھیجتے رہتے ہیں۔ وزیر خزانہ کا دورہ امریکہ منسوخ کر دیا گیا۔ شرم الشیخ میں شامل نہیں ہوئے ۔ آپریشن سندور پر ان کی مخالفت نہیں کرتے ۔کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جیرام رمیش نے بھی مسٹر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے پانچ مختلف ممالک میں 51 بار دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ٹیرف اور تجارت کو دباؤ کے اوزار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے مداخلت کی اور ہندوستان کو آپریشن سندور روکنے پر مجبور کیا۔ اس کے باوجود مسٹر مودی خاموش ہیں اور کوئی جواب نہیں دیتے ۔انہوں نے کہاکہ “اب صدر ٹرمپ نے کل کہا کہ وزیر اعظم مودی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ہندوستان اب روس سے تیل درآمد نہیں کرے گا۔ ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے اپنے بہت سے اہم فیصلے امریکہ کے حوالے کر دیے ہیں۔ ان کا 56 انچ کا سینہ اب سکڑ گیا ہے ۔”