نریندر مودی کے خلاف کے ٹی آر کے ریمارکس پر تنقید

   

وزیراعظم کی مقبولیت میں کمی نہیں ، بلکہ اضافہ ہوا ہے : سریدھر ریڈی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ کے ترجمان آر سریدھر ریڈی نے آج کے ٹی آر پر نریندر مودی کے خلاف ان کے ریمارکس کے لیے سخت نکتہ چینی کی ، جس میں انہوں نے مودی کو اکثریت حاصل نہ ہونے کی بات کہی تھی ۔ سریدھر ریڈی نے کہا کہ انہیں معتبر انفارمیشن کے ذریعہ یہ معلوم کرنا چاہئے کہ وزیراعظم نریندر مودی آج کس مقام پر ہیں ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے سریدھر ریڈی نے کہا کہ تمام سروے بشمول ریپبلک ٹی وی سروے میں بتایا گیا کہ نریندر مودی کا گراف اونچا ہے اور وہ ایک مقبول وزیراعظم ہیں ۔ سرویز میں یہ واضح اشارہ دیا گیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جیت ہوگی اور ان کی مقبولیت کے گراف میں پاکستان میں دہشت گردوں پر حملہ کے بعد مزید اضافہ ہوا ہے ۔ کے ٹی آر کے ریمارکس کا تذکرہ کرتے ہوئے جس میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام قائدین ڈی فارمس کے لیے دہلی جارہے ہیں اور مودی کے گراف میں کمی ہوئی ہے اور انہیں کافی نشستیں حاصل نہیں ہوں گی ۔ سریدھر ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی کی مقبولیت کے گراف میں کمی نہیں ہوئی بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔۔