نر بھئے کیس :مجرمین کو پھانسی پر عمل تاحکم ثانی ملتوی

   

سپریم کورٹ میں مجرم پون گپتا کی کیوریٹیو پٹیشن مسترد
نئی دہلی، 2 مارچ (ّسیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے آج نربھئے کیس کے تمام چاروں مجرمین کی پھانسی کی سزا کو تاحکم ثانی ملتوی کردیا ہے ۔ دہلی جیل قواعد کے مطابق کسی مجرم کو صدرجمہوریہ کی جانب سے اس کی درخواست مسترد ہونے کے بعد 14 دنوں کا وقت دیا جاتا ہے ۔ چاروں مجرمین کو 3 مارچ کی صبح پھانسی دی جانی تھی ۔ دوسری طرف سپریم کورٹ نے ملک کو دہلا دینے والے نربھیا سانحہ کے مجرم پون گپتا کی سزائے موت کے حوالہ سے دائر کیوریٹیو پٹیشن (اصلاحی درخواست) پیر کو مسترد کر دی۔جسٹس این وی رمن، جسٹس ارون مشرا، جسٹس آر ایف نریمن، جسٹس آ ر بھانومتی اور جسٹس اشوک بھوشن کی آئینی بنچ نے پون کی کیوریٹو پٹیشن مسترد کر دی۔پون کی جانب سے وکیل اے پی سنگھ نے یہ درخواست دائر کی تھی۔اس کیس کے تین دیگر مجرمین کی کیورٹیو پٹیشن اور رحم کی عرضیاں پہلے ہی مسترد ہو چکی ہیں ۔دارالحکومت کے جنوبی دہلی میں نربھئے کے ساتھ 16 دسمبر 2012 ء کو چلتی بس میں اجتماعی آبروریزی کی گئی تھی، اور اس کوسڑک پر پھینک دیا گیا تھا۔ بعد میں اسے سنگاپور کے ملکہ الزبتھ اسپتال ایئر لفٹ کرکے لے جایا گیا جہاں اس کی علاج کے دوران موت ہو گئی تھی۔اس واقعہ میں چھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، جس میں ایک ملزم نابالغ تھا، جسے تین سال کے لئے اصلاحی ہوم میں بھیجا گیا تھا۔ ایک ملزم رام سنگھ نے تہاڑ جیل میں خود کشی کر لی تھی۔ چار دیگر ملزمان مکیش، اکشے ، ونے اور پون کو پھانسی کی سزا سنائی گئی ۔