نئی دہلی۔ تعلیم کے مرکزی وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریا ل نشنک نے وزیراعظم نریندر مودی کے 2026-27تک ہر ایک بچے کو کلاس تین بنیادی خواندگی اور اعدادکا علم فراہم کرنے کا ویژن مکمل کرنے کی طرف ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے پیر کو یہاں پر ورچول طریقہ سے ‘نپون بھارت’ نامی نیشنل فاونڈیشنل لٹریسی اینڈ نیومریسی مشن کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر نشنک نے نپون بھارت مشن میں پری اسکول سے لیکر تیسری جماعت تک کے 3 سے 9برس کی عمر کے بچوں پر فوکس کیا جائے گا اور کلاس 4 اور 5 کے ان بچوں کو اضافی تعلیم کا سامان فراہم کیا جائے گا جنہوں نے بنیادی مہارت حاصل نہیں کی ہے ۔ اس موقع پر خواندگی اور اعداد علم کی اہمیت کو سمجھاتے ہوئے وزیر نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ خواندگی اور اعداد کی مہارت کی اچھی بنیاد سینئر کلاسوں میں بچے کی تعلیم پر مثبت اثر ڈالتی ہے اور تعلیم میں بچے کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ ملک کے تمام بچوں کو اس کی بنیادی سمجھ کو تیار کرنے کیلئے وزیراعظم نے اس مشن کو شروع کرنے کیلئے گزشتہ سال ستمبرمیں منعقدہ ٹیچرس فیسٹول کے موقع پر اپنا ویژن تمام کے ساتھ شیئر کیا تھا۔ بنیادی خواندگی کے اسی اہم پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے سال 2021-22کے لئے 2130.66کروڑ روپے کے منظورہ بجٹ مختص کے ساتھ مکمل تعلیم کے تحت نپون بھارت کی شروعات کی جارہی ہے ۔ مرکزی وزیر تعلیم نے کہاکہ نپون بھارت کے نفاذ اور نگرانی میں کمیونٹی شراکت داری کا اہم کردار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ والدین، اساتذہ اور بچوں کی شراکت داری یقینی ہونا اس مشن میں اہم ثابت ہوگا۔
اور مجھے پوری امید ہے کہ اس مشن کی کامیابی کے لئے ریاستی، ضلع، بلاک سطح کے حکام، رضاکارانہ تنظیمیں، مقامی ادارے ، پنچایت راج تنظیمیں تمام آپس میں تال میل کے ساتھ کام کریں گی۔ اس موقع پر مرکزی وزیرمملکت برائے تعلیم سنجے دھولے ، اسکولی تعلیم اور خواندگی محکمہ کی سکریٹری انیتا کروال، ریاست کے ایجوکیشن سکریٹری، ماہرین تعلیم، وزارت تعلیم کے حکام اور دیگر لوگ موجود تھے ۔