نصف گھنٹے کی بارش سے شہر کی سڑکیں جھیل میں تبدیل

,

   

بلدیہ کا عملہ غائب ، راہروں کو شدید تکلیف ، ٹریفک میں خلل
حیدرآباد۔31جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں شام کے وقت ہوئے نصف گھنٹے کی موسلادھار بارش نے شہر حیدرآباد کی سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا اور شہر کے کئی علاقو ں میں 2 گھنٹے تک ٹریفک جام رہی ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیش قیاسی کے باوجود شہر حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکے عملہ کی عدم موجودگی کے سبب راہروؤں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تلنگانہ محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں تین یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی اور دو یوم سے ہلکی بارش وقفہ وقفہ سے ریکارڈ کی جا رہی تھی لیکن آج سہ پہر نصف گھنٹے تک ہوئی موسلا دھار بارش کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ کئی سڑکوں پر بارش کے سبب پانی جمع ہوگیا اور پانی کی نکاسی کے کوئی انتظامات نہ کئے جانے کے سبب گھنٹوں تک پانی جمع رہا ۔ بندلہ گوڑہ روڈ پر بارش کے بعد پانی جمع ہونے کے سبب کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی اور اس کا اثر اطراف و اکناف کی سڑکوں پر بھی دیکھا گیا۔ کل عید الاضحی کے پیش نظر شہر حیدرآباد میں کئی مقامات پر بکروں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریدی کیلئے عوام بڑی تعداد میں گھروں سے باہر تھے جس کی وجہ سے بارش کے ساتھ ہی ٹریفک میں زبردست خلل دیکھا گیا ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے نشیبی علاقوں اورجن سڑکوں پر پانی جمع ہوتا ہے ان مقامات پر ایمرجنسی عملہ کی تعیناتی کے اعلانات کئے گئے تھے لیکن کئی مقامات پر بارش کے پانی کی نکاسی کے کوئی انتظامات نہیں دیکھے گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ مزید تین یوم کے دوران بھی شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد میں آئندہ تین یوم کے دوران گرج اور چمک کے ساتھ بھی بارش کا امکان ہے۔