نصف گھنٹے کی بارش میں دونوں شہروں کی سڑکیں جھیل میں تبدیل

,

   

پانی کی نکاسی کیلئے جی ایچ ایم سی کے اقدامات کی قلعی کھل گئی ، موسم باراں کے آغاز پر ہی عوام کو مسائل کا سامنا

حیدرآباد16جولائی (سیاست نیوز)دونوںشہروں میں ہونے والی چند گھنٹوں کی ہلکی اور تیز بارش نے شہر کی بیشتر سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئے جانے والے مانسون سے قبل اقدامات کی قلعی چند گھنٹوں کی بارش میں کھل گئی اور شہر کی اہم اور مصروف ترین سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں جہاں جی ایچ ایم سی عملہ اور ڈی آر ایف کو پانی کی نکاسی کے اقدامات کرتے دیکھا گیا۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں سہ پہر مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ بارش کی شروعات ہوئی اور نصف گھنٹہ کی شدید بارش سے شہر کی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جہاں ایمرجنسی اسکواڈ کو طلب کرکے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے گئے ۔ سوماجی گوڑہ‘ پنجہ گٹہ ‘ خیریت آباد کے علاوہ اسمبلی کے روبرو پانی جمع ہونے کے سبب مین ہولس کے ڈھکن ہٹاتے ہوئے ایمرجنسی عملہ نے پانی کے بہاؤ کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مانسون کی آمد سے قبل بارش کے پانی کے بہاؤ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ڈرینیج کی صفائی کے اقدامات کئے گئے لیکن اس کے باوجود ابھی موسم باراں کے آغاز پر ہی شہر کی اہم ترین سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے اس سلسلہ میں جائزہ لیتے ہوئے اب تک کی کارکردگی کی رپورٹ بھی طلب کی ہے لیکن اس سے کچھ حاصل ہونے کے امکانات نہیںہیں کیونکہ گچی باؤلی اور مادھاپور کے علاقو ںمیں بارش کے ساتھ ہی پانی جمع ہونے کے ساتھ ٹریفک کے مسائل پیدا ہونے لگے تھے جس پر یہ کہا جا رہاہے کہ گنجان آبادی اور علاقہ کے لحاظ سے زیادہ آبادی کے سبب یہ مسئلہ پیدا ہورہا ہے لیکن شہر کے مصروف اور اہم ترین سڑکوں پر بھی پانی جمع ہونے کی شکایت کے بعد ایسا محسوس ہورہا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے مانسون کی آمد سے قبل کئے جانے والے اقدامات ناکافی ثابت ہورہے ہیں یا پھر شہر میں پانی کے بہاؤ کے نظام میں بڑے پیمانے پر تبدیلی ناگزیر ہے کیونکہ چند گھنٹوں کی ہلکی اور تیز بار ش سے شہر کی سڑکوں کی یہ حالت ہونے لگی ہے تو تصور کیا جاسکتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں اگر موسلادھار بارش ہوتی ہے اور مانسون سرگرم ہوتا ہے تو شہر کی سڑکوں کی حالت کیا ہوگی اور ان حالات سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کس طرح سے نمٹے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر میں پانی جمع ہونے کے مقامات کی نشاندہی کے ساتھ مسئلہ کے حل کے لئے اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے لیکن مستقل حل کا منصوبہ تیار کرنا جی ایچ ایم سی کیلئے ایک چیالنج ہے۔