نصیرالدین شاہ، جاوید اختر، شبانہ اعظمی ٹکڑے ٹکڑے ایجنٹ : وزیر

   

بھوپال۔ ہدھیہ پردیش کے وزیر نے نامور اداکار نصیرالدین شاہ اور شبانہ اعظمی کو ایجنٹ قرار دے دیا۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے ہندوستان میں تنازعہ کو اس وقت جنم دیا جب انہوں نے اداکار نصیرالدین شاہ، نغمہ نگار جاوید اختر اور ان کی اہلیہ شبانہ اعظمی کو ’ٹکڑے ٹکڑے‘ گروہ کا ایجنٹ کہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فلم نگری سے تعلق رکھنے والی ان شخصیات نے ان ریاستوں میں تنازعات کو جنم دیا جہاں پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔ نروتم مشرا کا کہنا تھا کہ یہ شخصیات صرف ان ہی ریاستوں میں ہوئے واقعات پر بات کرتے ہیں جو بی جے پی حکومت میں ہوتے ہیں اور انہیں ہندوستان میں رہنے میں بھی ڈر لگتا ہے۔ ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ جبکہ دیگر ریاستوں میں اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں تو یہ شخصیات خاموش رہتی ہیں۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی قلعی کھل چکی ہے، یہ لوگ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکے ہیں۔ خیال رہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ کی جانب سے یہ بات اس وقت میں سامنے آئی جب اداکارہ شبانہ اعظمی نے بلقیس بانو ریپ کیس میں 11 مجرمین کی رہائی پر غصہ کا اظہار کیا تھا۔