مہلوکین کا ٹولی چوکی حیدرآباد سے تعلق ، 3 افراد شدید زخمی
نظام آباد /10 اگست (سیاست نیوز) سڑک حادثہ میں چار افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ ضلع نظام آباد کے موپکال پولیس اسٹیشن کے حدود میں قومی شاہراہ 66 پر پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب حیدرآباد ٹولی چوکی سے تعلق رکھنے والے 7 افراد بذریعہ کار حیدرآباد سے مہاراشٹرا جارہے تھے کہ آج قومی شاہراہ پر کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں کار میں سوار منہاج بیگم ٹولی چوکی ، سید سمیع متوطن واراڈا مہاراشٹرا ، احیل احمد 6 سالہ ٹولی چوکی ( فرزند منہاج بیگم) ، فیلازا 2 سالہ (دختر منہاج بیگم ) برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ اس حادثہ میں سید ہ سعدیہ 19 سالہ ، سید عادل 5 سالہ ، سید عمر 34 سال شدید طور پر زخمی ہونے پر انہیں فوری آرمور سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا یہ کار میں 7 افراد سوار تھے اور یہ سب حیدرآباد سے مہاراشٹرا جارہے تھے کہ درمیان میں یہ حادثہ پیش آیا۔ کارتیز رفتار تھی اور حادثہ کے بعد کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور نعشوں کو باہر نکالنے کیلئے پولیس کو جدوجہد کرنا پڑا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی کی ۔