نظام آباد ـ:پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف آج کانگریس پارٹی کی جانب سے دھرنا چوک پر دھرنا دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا اس موقع پر سینئر کانگریسی قائد اربن کانگریس کے انچارج طاہر بن حمدان نے کہا کہ کانگریس کے دور میں پکوان گیس کی قیمت 390 روپئے تھی آج 1050 روپئے ہوگئی ہے ۔ مسٹر طاہر بن حمدان نے کہا کہ بی جے پی 5 ریاستوں کے انتخابات کے بعد قیمتوں میں مسلسل اضافہ کررہی ہے مسٹر طاہر بن حمدان نے کہا کہ کانگریس پارٹی واحد پارٹی ہے جو ملک میں عوامی مسائل کو لیکر احتجاج کو جاری رکھی ہوئی ہے ۔ ضلع کانگریس صدر موہن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کارپوریٹ اداروں کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں اور اپوزیشن پارٹیوں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں ۔ مودی کے اس عمل سے عوام اچھی طرح واقف ہوچکی ہے اور آئندہ انتخابات میں انہیں سبق سکھائے گی ۔ دھرنا میں عبید بن حمدان ، این ایس یو آئی ویپل گوڑ، ضلع صدر وینو راجو ، گنگاریڈی ، زاہد بن حمدان و دیگر بھی موجود تھے ۔